ٹریوس ہیڈ اور سراج کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سزا کا سامنا
ایڈیلیڈ: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے بیٹر ٹریوس ہیڈ اور بھارت کے فاسٹ باؤلر محمد سراج کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں محمد سراج نے ٹریوس ہیڈ کو آؤٹ کرنے پر اشتعال دلانے والا ایکشن کیا تھا جبکہ ٹریوس ہیڈ نے بھی نامناسب رویہ اختیار کیا تھا۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ٹریوس ہیڈ اور محمد سراج ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے ہیں، کرکٹرز کو سزا دینے کا باضابطہ اعلان کیا جانا ہے، آئی سی سی کی جانب سے جرمانہ یا سخت تنبیہ کی جائے گی۔
میڈیا کے رپورٹس کے مطابق ان کا ماضی کا ریکارڈ سامنے رکھ کر معطلی کا فیصلہ بھی ممکن ہے۔
واضح رہے کہ ٹریوس ہیڈ کو 140 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد محمد سراج نے اشتعال انگیز انداز میں جشن منایا تھا، آسٹریلوی سابق کرکٹرز اور کمنٹیٹرز نے بھی محمد سراج پر تنقید کی ہے۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی، ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کی جانب سے دیئے گئے 19 رنز کے ہدف کو آسٹریلیا نے با آسانی 10 وکٹوں پر حاصل کر لیا تھا۔