چیمپئنز ٹرافی پر پاک بھارت ڈیڈ لاک برقرار، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی بھی انٹری

دبئی: (دنیا نیوز) چیمپئنز ٹرافی پر پاکستان، آئی سی سی اور بی سی سی آئی کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے جبکہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ بورڈ نے بھی انٹری مار لی۔

ذرائع کے مطابق آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے کہا کہ چیمپئنزٹرافی پر غیر یقینی صورتحال ہے تمام چیزوں سے آگاہ کیا جائے اور معاملہ جلد حل کروایا جائے۔

تینوں بورڈز نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئینز ٹرافی کا شیڈول ابھی تک اعلان نہیں ہوا، آئی سی سی کو ابھی سے طے کرلینا چاہیے کہ چیمپئنز ٹرافی اور اگلے ٹورنامنٹس میں کیا ہوگا۔

بورڈز نے پی سی بی کے حق میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس مرتبہ بھارت پاکستان نہ جانے کا کہہ رہا ہے آئندہ کسی بھی ملک میں جانے سے منع کرسکتا ہے، اسکا حل نکلنا چاہیے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ جب تک دستخط نہیں کرے گا پاکستان اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا، وفاقی حکومت اس مرتبہ کسی قسم کا رسک نہیں لینا چاہتی، تحریری طور پر گارنٹی آئے گی تو بات آگے بڑھے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں