کراچی: 3 معصوم بچیوں کو اغواء کرنے والا رکشہ ڈرائیور گرفتار، 2 ساتھی فرار

کرائم

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے شیر شاہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 معصوم بچیوں کو اغواء کرنے والا رکشہ ڈرائیور گرفتار کر لیا۔ ملزم کے دیگر 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

شیرشاہ پولیس کے مطابق تین معصوم بچیوں کو بے حرمتی کی نیت سے اغوا کرنے والا چنگچی رکشہ ڈرائیور گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ملزم تینوں بچیوں کو قریبی پلاسٹک گودام میں لے کر گیا جہاں پہلے سے رکشہ ڈرائیور اسماعیل کے دو ساتھی بھی موجود تھے۔ صاحبہ نامی بچی کے والد عمر علی نے فوری پولیس کو مطلع کیا اور رکشہ کا پیچھا کیا تاہم پولیس کی فوری کارروائی کے بعد رکشہ ڈرائیور اسماعیل کو گرفتار کر کے تینوں بچیوں کو با حفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔

کارروائی کے دوران ملزم کے دیگر 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر کے مفرور ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں