لاہور کی سڑکیں اور فٹ پاتھ نشئیوں کی آماجگاہ بننے لگے، عادی افراد میں خواتین بھی شامل

کرائم

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں منشیات کا استعمال بڑھنے لگا، شہر کی سڑکیں اور فٹ پاتھ نشئیوں کی آماجگاہ بننے لگے۔ دکھ کی بات یہ ہے کہ منشیات کے عادی افراد میں اب خواتین بھی شامل ہو گئی ہیں۔

شہر میں منشیات کے عادی افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ، تشویش کی بات یہ ہے کہ ان افراد میں اب خواتین بھی شامل ہوگئی ہیں۔ ڈرگ ٹریننگ ایڈوائزری حب کی رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ خواتین نہ صرف منشیات کا استعمال کررہی ہیں بلکہ سرعام نشہ فروخت بھی کرتی ہیں۔

رپورٹ بتاتی ہے کہ نشہ کی عادی اور فروخت کرنے والی خواتین کی عمروں کا تناسب 18 سے 25 سال کے درمیان ہے، لاہور کے 100 سے زائد مقامات ان کی زد میں ہیں۔ لال پل فتح گڑھ مغلپورہ، دھرم پورہ، مسلم ٹاؤن موڑ، ایف سی کالج انڈر پاس، کاہنہ، فیروز پور روڈ، داتا دربار بھاٹی گیٹ، چوبرجی، لاری اڈا،لکشمی چوک، ٹھوکر نیاز بیگ اور شاہدرہ کے علاقوں میں خواتین مردوں کے ساتھ نشہ کرتی ہیں۔

کنسلٹنٹ انسدادِ منشیات مہم سید ذوالفقار حسین بتاتے ہیں کہ مردوں کی اکثریت میں خواتین کا سرعام نشہ کرنا باعث تشویش ہے۔ منشیات کے عادی افراد سے شہری بھی تنگ ہیں۔ کہتےہیں یہ افراد وارداتوں میں بھی ملوث ہیں، حکومت اقدامات کرے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ منشیات کے عادی افراد کی کونسلنگ کرنا ہوگی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں