فیصل آباد: کچرا پھینکنے پر 13سالہ لڑکے کو قتل کر دیا گیا، ملزم فرار

کرائم

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں تھانہ ملت ٹاوّن کے علاقے میں کچرا پھینکنے پر 13سالہ لڑکے کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

فیصل آباد میں تھانہ ملت ٹاوّن کے علاقے جنازہ گاہ کالونی کے رہائشی 13 سالہ زین نے گھر کا کچرا گلی میں پھینکا۔ جسے ملزم امین نے منع کرنے کے بجائے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے شدید زخمی کردیا جس کے باعث زین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

کمسن لڑکے کو بچانے کیلئے آنے والے اس کے کزن 28 سالہ غلام ربانی کو بھی فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا گیا جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا فائرنگ کرنے والا ملزم اہلخانہ سمیت موقع سے فرار ہوگیا۔

ورثاء اور اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ملزم اور اس کے اہل خانہ کی جانب سے اس سے قبل بھی متعدد افراد کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے کے واقعات سامنے آنے کے باوجود پولیس بااثر ملزمان کے خلاف کاروائی سے گریزاں ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں