کراچی: سکیورٹی گارڈ نے شہری کو ڈاکووں سے بچا لیا، ایڈیشنل سیشن جج اہلخانہ سمیت لٹ گئے

کرائم

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے سر سید ٹاون میں شہری کا پیچھا کرتے ڈاکوؤں نے شہری کو گھر کے دروازے پر دھرلیا، گارڈ نے واردات دیکھ کر شہری کو بچا لیا۔ ایکسپریس وے سے شاہراہ فیصل جاتے ہوئے راستے میں لٹیروں نے ایڈیشنل سیشن جج سجاول کو اہلخانہ سمیت لوٹ لیا۔

کراچی کے علاقے سر سید ٹاؤن میں سکیورٹی گارڈ نے سٹریٹ کرائم کی واردات ناکام بنا دی، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔ موٹر سائیکل سوار نوجوان گھر پہنچا تو تعاقب کرتے ملزم بھی ساتھ آ گئے، گلی میں موجود سکیورٹی گارڈ نے ملزم کو نوجوان پر اسلحہ تانے دیکھ لیا، گارڈ نے ڈاکووں پر اسلحہ تانا تو ملزمان بھاگ گئے۔

دوسری جانب کراچی میں ٹریفک جام بھی سٹریٹ کرمنلز کیلئے جنت بن گیا۔ گزشتہ روز ایڈیشنل سیشن جج سجاول نوید حسین کولاچی اہلخانہ سمیت لٹ گئے، لٹیروں نےایکسپریس وے پر مختلف گاڑیوں میں سوار شہریوں کو لوٹا۔ ٹریفک جام کے دوران واردات ہوئی، سرکاری ڈرائیور بھی ساتھ تھا۔ بیٹے نے مقدمہ بلوچ کالونی تھانے میں درج کرا دیا جس کے متن کے مطابق ایکسپریس وے سے شارع فیصل جا رہے تھے کہ ٹریفک جام میں پھنس گئے۔

دو ملزمان آگے والی گاڑیوں میں اسلحہ دکھا کر لوٹ مار کر رہے تھے۔ ان ہی دو ملزمان نے سجاول نوید حسین کے سر پر پستول رکھ کر موبائل فون نکالنے کا کہا۔ کار میں سوار چاروں افراد سے لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فونز چھین لئے گئے، پولیس ملزمان کو تاحال گرفتار نہ کرسکی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں