کراچی: خوشیاں ماتم میں تبدیل، چند روز قبل شادی کرنیوالا نوجوان ڈکیتی مزاحمت پر قتل

کرائم

کراچی: (دنیا نیوز) بے رحم لٹیروں نے خوشیاں ماتم میں بدل دیں، کراچی میں چند روز قبل شادی کرنے والا ڈکیتی مزاحمت پر قتل کر دیا گیا، کشمیر روڈ پر ڈاکو شاہ رخ کی والدہ اور بہن سے چوڑیاں اتروانے کی کوشش کرتے رہے، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز نے حاصل کرلی۔

کراچی والے مکمل طور پر ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر، ایک ہی دن میں تین افراد ڈکیتی مزاحمت پر قتل کر دیئے گئے۔ کشمیر روڈ پر گھر کی دہلیز پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 28 سالہ نوجوان شاہ رخ جاں بحق ہوگیا۔ مقتول اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گیا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق 2 روز بعد مقتول کا ولیمہ تھا۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق مقتول کی والدہ اور بہن رکشے میں گھر پہنچی، مقتول نے دروازے کھولا اور مزاحمت کرنے پر ملزمان کی گولی کا نشانا بنا۔

کلفٹن میں ڈاکوؤں نے بینک سے رقم لے کر نکلنے والے ویر بھان نامی شہری سے 73 لاکھ روپے لوٹ لئے۔ مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کر کے متاثرہ شہری کو قتل کر دیا۔ لوٹ مار کے دوران مقتول اپنے بھائی کے ہمراہ موجود تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بینک کے اندر ملزمان کو متاثرہ شہری کا انتظار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ڈکیتی کا ایک اور واقعہ سپر ہائی وے بسم اللہ سینٹر کے قریب پیش آیا جہاں مزاحمت پر 55 سالہ عبدالقادر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

دوسری جانب پپری کے علاقے میں گھر میں فائرنگ سے خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوئے۔ پولیس کے مطابق مقتولین آپس میں رشتہ دار تھے۔ ابتدائی طور پر واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا معلوم ہوتا ہے، تاہم واقعہ میں مقتولہ کے شوہر اور اس کے بھائی کے ملوث ہونےکا شبہ ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں