کراچی: مختلف پولیس مقابلوں کے دوران 4 ملزمان ہلاک، 5 زخمی حالت میں گرفتار

کرائم

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ڈاکووں کیساتھ مختلف پولیس مقابلوں کے دوران 4 ملزمان ہلاک جبکہ 5 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ۔

کراچی کی ناردرن بائی پاس پر پولیس کے انٹی وائیلنٹ کرائم سیل کی کار لفٹر گروه کے خلاف کارروائی کے دوران ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مبینہ پولیس مقابلے دوران بین الصوبائی کار لفٹر گروہ کا ماسٹر مائنڈ سلیم بروبی ساتھی سمیت مارا گیا۔ ایس ایس پی بشیر بروہی کے مطابق ملزمان بس ہائی جیکنگ، ٹرالر، قیمتی گاڑیاں چوری کرنے کی وارداتوں سمیت متعدد جرائم میں ملوث تھے۔

ادھر گلشن معمار کے بلال شاہ بخاریؒ مزار کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 ڈاکو مارے گئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان شہری سے لوٹ مار کے بعد فرار ہو رہے تھے۔

ادھر شاہ لطیف سمیت علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلئے گئے۔ ڈسٹرکٹ ملیر سے زخمی حالت میں گرفتار پانچوں ملزمان مختلف مقامات پر لوٹ مار کررہے تھے۔ ملزمان سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں