کوئٹہ: لیڈی کانسٹیبل کی عدم موجودگی میں زیرحراست لیے جانیوالی لڑکیاں والدین کے حوالے

کرائم

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں لیڈی کانسٹیبل کی عدم موجودگی میں حراست میں لیے جانے والی لڑکیوں کو عدالت نے والدین کے حوالے کر دیا۔

پولیس حکام کے مطابق حراست میں لی گئی لڑکیوں کو عدالت میں پیش کیا گیا، اس دوران ان کے بیانات ریکارڈ ہوئے جس میں زینب نامی لڑکی نے عدالت کو بتایا کہ وہ اپنی مرضی سے اپنی دوستوں کے ساتھ رہ رہی ہے، اسے کسی نے اغواء نہیں کیا۔ جس پر عدالت نے لڑکیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا اور زینب نامی لڑکی کو والدین کے حوالے کر دیا ۔

پولیس کے مطابق زینب کے اغواء ہونے کی ایف آئی آر اس کے والد نے 20 روز پہلے درج کرائی تھی اور گزشتہ روز بھی والدین کی نشاندہی پر پولیس نے لڑکیوں کو پولیس کی گاڑی میں بٹھایا، پولیس کی گاڑی میں بٹھائی جانیوالی لڑکی زینب اور اسکی 2 سہیلیاں ہیں، زینب نامی لڑکی اپنی سہیلیوں کے گھر رہ رہی تھی جسے گذشتہ روز بازار میں دیکھنے پر گرفتار کیا گیا تھا جبکہ لیڈی کانسٹیبل کی عدم موجودگی اور غیر ذمہ دارانہ طور پر معاملہ حل کرنے پر ایڈیشنل ایس ایچ او نوید مختار اور مذکورہ اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا، مزید کارروائی جاری ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں