کراچی: سرجانی سے لاپتہ 4 سالہ حسبان کی لاش ندی سے مل گئی، پولیس تاحال مصروف تفتیش

کرائم

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے سرجانی سے چند روز قبل لاپتہ ہونے والے 4 سالہ حسبان کی لاش ندی سے مل گئی ہے، پولیس کا کہنا ہے تفتیش جاری ہے، ذمہ داروں کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔

بارہ جنوری کو سرجانی ٹاؤن میں ایک گھر پر اس وقت قیامت ٹوٹ پڑی جب ان کا چار سالہ حسبان لاپتہ ہوگیا، گھر والوں نے پہلے پہل علاقے میں تلاش کیا اور چپہ چپہ چھان مارا تاہم کوئی سراغ نہ ملا تو مقامی پولیس کو اطلاع دی گئی، پولیس نے ابتدائی تفتیش کی اور سی پی ایل سی کو آگاہ کیا جہاں سی پی ایل سی نے زینب الرٹ بل کے تحت ننھے حسبان کی گمشدگی کا اشتہار جاری کیا، تاہم کوئی شنوائی نہ ہوسکی۔

اہل خانہ اپنے چار سالہ بچے کو کھونے پر غم سے نڈھال تھے اور ان میں شدید اضطراب تھا۔ آج اہل خانہ پر قیامت ٹوٹی جب پولیس کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ سرجانی ٹاؤن کے نالے سے ایک لاش برآمد ہوئی ہے جوکہ چار سالہ حسبان کی ہے، علاقے میں خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیلی گئی، پولیس نے ریسکیو ٹیموں کی مدد سے بچے کی لاش کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔

چار سالہ حسبان کی لاش ملنے پر ماں پر سکتہ طاری ہوا تو والد اندوہناک خبر سن کر دل لے کر بیٹھ گیا، چار سالے بچے کی لاش نالے سے ملنے پر اہل علاقہ میں سخت غم وغصہ پایا جاتا ہے اور انہوں نے پولیس سے تمام واقعے کی فوری جانچ پڑتال کا مطالبہ کیا ہے۔

ادھر پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بچے کو کیوں اور کس نے قتل کیا، تحقیقات جاری ہیں۔ جلد تفصیلات منظر عام پر آجائیں گی۔

ادھر سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچہ نالے میں حادثاتی طور پر گرا یا قتل کیا گیا؟ پولیس تمام پہلوؤں سے شفاف تحقیقات کرے اور لواحقین کو جلد آگاہ کرے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں