کراچی: اغوا میں ملوث دو سکیورٹی گارڈز سمیت 3 ملزم گرفتار، مغوی بازیاب

کراچی: (دنیا نیوز) پولیس نے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث دو سکیورٹی گارڈز سمیت 3 ملزموں کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق تیموریہ پولیس نے ٹیکنیکل و انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث تین اغوا کار گرفتار کر کے مغوی کو بازیاب کرالیا۔

پولیس کے مطابق رواں ماہ 26 ستمبر کو بفرزون کے علاقے سے گاڑی میں موجود اغوا کاروں نے مدد علی نامی شخص کو اغوا کر کے رہائی کے عوض 2 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔

پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران تین اغوا کاروں ابراہیم ، اسرار اور احتشام کو حراست میں لیکر 2 رائفلز، 30 بور پستول اور چھینی ہوئی گاڑی برآمد کرلی، ترجمان کے مطابق گرفتار دو اغوا کار الغازی ویلفیئر کے سکیورٹی گارڈ ہیں جبکہ ملزمان نے مغوی مدد علی کو کار سمیت اغوا کیا تھا۔

ایس ایچ او تاج نے بتایا کہ مغوی مدد علی کراچی سے حیدر آباد کے درمیان چلنے والی کار کا ڈرائیور ہے اور واقعہ سے قبل کار میں ایک فیملی بھی سوار تھی جسے ملزمان نے اتارنے کے بعد ڈرائیور کو گاڑی سمیت اغوا کرلیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں