کراچی میں فائرنگ سے پاک فوج کا جوان جاں بحق
کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد میں فائرنگ سے پاک فوج کے 37 سالہ جوان عدنان عباسی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 37 سالہ جوان عدنان عباسی ملیر کینٹ میں 23 ایف اینڈ ٹی یونٹ میں تعینات تھا اور دو بچوں کا والد تھا، واقعہ بہادرآباد کے علاقے مریم مسجد آدم جی نگر بلاک بی دھوراجی کالونی میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت عدنان عباسی ولد ابراہیم عباسی کے طور پر کی گئی ہے، جو ایبٹ آباد کا رہائشی تھا، مقتول کے برادر نسبتی بلال عباسی نے بتایا کہ عدنان عباسی پاک فوج کے 23 ایف اینڈ ٹی یونٹ میں تعینات تھے اور ان کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔
پولیس کے مطابق واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم واردات کے لئے پہلے سے گھات لگائے کھڑا تھا، جیسے ہی عدنان عباسی گھر سے کچھ فاصلے پر آیا ملزم نے پہلے اس کے سر پر بٹ مارا اور پھر گردن پر گولی ماری، جب مقتول نیچے گرا تو ملزم اس کا پرس اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگیا۔
مقتول کی لاش کو ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس مزید تحقیقات کررہی ہے۔