کراچی: 700 کلو گرام آئس بیرون ملک سمگلنگ کی کوشش ناکام
کراچی: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹیکس فورس (اے این ایف) نے کراچی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک آئس سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل کراچی پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 700 کلو گرام آئس بیرون ملک سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی، کارروائی کے دوران ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ منشیات ملائیشیا سمگل کی جا رہی تھی اور بُک کئے گئے کنٹینر سے 700 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن آئس برامد ہوئی ہے، یہ آئس کیلشیم کاربونیٹ کے ساتھ مکس کر کے سمگل کی جا رہی تھی، ٹیم نے کنٹینر میں موجود کیلشیئم کاربونیٹ کے 854 بیگوں کی تلاشی لی جس میں 28 سے آئس برآمد ہوئی ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق مذکورہ کنٹینر کراچی میں قائم نجی کمپنی کی جانب سے کوالالمپور کیلئے بُک کرایا گیا تھا، گرفتار ملزم کو مزید کارروائی کیلئے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔