نادرا این آر سی چارسدہ فراڈ کیس کا مرکزی ملزم گرفتار
پشاور:(دنیا نیوز) ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل پشاور کی کارروائی کے دوران نادرا این آر سی چارسدہ فراڈ کیس میں ملوث ملزم حبیب اللہ گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مرکزی ملزم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا این آر سی چارسدہ کا سہولت کار اور ایجنٹ تھا، جو غیر ملکی افراد کو پاکستانی شہریوں کے خاندانی ریکارڈ میں شامل کرانے میں ملوث پایا گیا۔
اِسی طرح ملزم افغان باشندوں کے لیے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈز کے غیر قانونی اجراء میں سہولت کاری کرتا رہا، ملزم غیر ملکی افراد کو نادرا حکام تک پہنچانے اور شناختی دستاویزات کے حصول میں معاونت فراہم کرتا تھا۔
ایف آئی اے حکام کہنا تھا کہ نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، قومی شناختی نظام کی ساکھ کو متاثر کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔