طلاق کیلئے یونین کونسل آفس جانے والے شخص پر اہلیہ نے تیزاب پھینک دیا
راولپنڈی: (دنیا نیوز) خاندانی جھگڑے کا شاخسانہ، طلاق کے لئے یونین کونسل آفس جانے والے شخص پر اہلیہ نے تیزاب پھینک دیا۔
واقعہ گوجر خان کے علاقے گلیانہ میں ہوا، کامران تنویر والد کے ہمراہ طلاق کے کاغذات لے کر یونین کونسل آفس سے نکل رہا تھا، اہلیہ عائشہ تیزاب کی بوتل اٹھائے پیچھے پہنچ گئی۔
اہلیہ نے تیزاب کی ڈیڑھ لیٹر کی بوتل پھینکی جس سے کامران کا سر، آنکھ، کمر اور جسم جل گیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون نے گھریلو چپقلش کی بنا پر اپنے شوہر پر تیزاب پھینکا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ شخص کو ہسپتال منتقل کیا گیا جو معمولی زخمی اور خطرے سے باہر ہے، متاثرہ شخص کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی ہر پہلو سےتفتیش جاری ہے، خاتون عائشہ کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔