گلوکارہ حمیرا ارشد، اداکارہ ماہ نور، سدرہ نور اور دیگر عید پر بنے نتاشا خان کے مہمان

تفریح

لاہور: (دنیا نیوز) گلوکارہ حمیرا ارشد، اداکارہ ماہ نور، سدرہ نور اور دیگر فیشن آئی کون نتاشا خان کے گھر مہمان بنے۔ خوب سیلفیاں لی گئیں، گلاب جامن، مشروبات اور ساتھ ہی ساتھ کھانے کی پرتکلف میز بھی سجائی گئی۔

عید کی خوشیاں اپنوں کی محفل سے دوبالا، صنف نازک کو بناؤ سنگھار اور سہیلیوں سے ملنے سے کون روک سکتا ہے۔ اسی لیے فیشن آئی کون نتاشا خان کے گھر شوبز ستاروں کی کہکشاں اتر آئی۔ اداکارہ ماہ نور، سدرہ نور، ماڈل زمن خان، شیروز، تبریز علی اور گلوکارہ حمیرا ارشد ان کے مہمان بنے۔ نتاشہ خان نے اپنے معزز مہمانوں کے لیے دیدہ و دل فرش راہ کیا۔

میٹھی عید پر مہمانوں کا منہ بھی میٹھا کروایا گیا۔ گلاب جامن اور ٹھنڈے مشروبات سے خوب تواضع کی گئی۔ شوبز ستاروں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکبادیں بھی دی۔ مہمانوں نے سماجی فاصلے برقرار رکھے اور گلے ملنے کے بجائے کہنی ملا کر ہی عید ملی۔ حمیرا ارشد نے گانا سنا کر محفل کا رنگ دوبالا کردیا۔ گلوکارہ حمیرا ارشد بولیں جب دل مل جائیں تو گلے ملنا ضروری نہیں۔

نتاشا خان نے اپنے مہمان ستاروں کو چوڑیاں بھی پہنائیں، کھانے کا دور چلا تو سبھی نے پرتکلف پکوانوں سے دو دو ہاتھ کئے۔ آخر میں خوبصورت لمحات کو کیمرے کی آنکھ سے محفوظ کیا گیا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں