آئمہ بیگ اور فرحان سعید کا پنجابی گانا 'نہ چھیڑ ملنگاں نوں' ریلیز

تفریح

لاہور: (دنیا نیوز) معروف ہدایتکار عدنان قاضی کی ڈائریکشن میں بننے والا آئمہ بیگ اور فرحان سعید کا پنجابی گانا 'نا چھیڑ ملنگا نوں' ریلیز کر دیا گیا۔ میوزک حلقوں میں گانے کی دھوم مچ گئی۔

 نئے گانے کو معروف گلوکار فرحان سید اور گلوکارہ آئمہ بیگ کی خوبصورت آوازوں میں ریکارڈ کیا گیا، جس کا میوزک معروف گلوکار و میوزک پروڈیوسرز بلال سعید نے ترتیب دیا ہے۔

معروف ہدایتکار عدنان قاضی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ گانے کو بلوچستان کے خوبصورت مقامات میں عکس بند کیا تاکہ دنیا بھر میں پاکستان کے خوبصورت مقامات کو بھی اجاگر کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دنیا بھر سے زیادہ خوبصورت مقامات اور بہترین ٹیلنٹ موجود ہے، ہمارے گلوکاروں نے دنیا بھر میں اپنی الگ پہچان بنا رکھی ہے، ہمارا کام ہالی ووڈ اور بالی ووڈ میں بھی پسند کیا جاتا ہے۔ معروف ہالی وڈ ڈائریکٹر جوزف کان نے بھی ڈائریکٹر عدنان قاضی کو خوبصورت انداز میں گانے کو عکس بند کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

ہدایتکار عدنان قاضی نے کہا کہ اپنے تمام پروجیکٹس کو محنت لگن اور شوق سے کرتا ہوں جس کی وجہ سے کامیابیاں نصیب میں ہوتی ہیں، گزشتہ گانوں کی مقبولیت کے بعد نئے گانے  نا چھیڑ ملنگا نوں  کے حوالے سے پاکستان سمیت دنیا بھر سے حوصلہ افزائی اور مبارکباد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں، یہ گانا عوام کے لئے عید کا تحفہ ثابت ہوگا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں