اداکار عمرشریف علاج کیلئے بذریعہ ایئر ایمبولینس امریکا روانہ

تفریح

کراچی: (دنیا نیوز) اداکار عمرشریف کو ایئرایمبولینس کے ذریعے علاج کیلئے امریکا روانہ کر دیا گیا، اہلیہ زرین غزل بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

وفاقی و سندھ حکومت کی معاونت پر گزشتہ روز ایئرایمبولینس فلپائن سے کراچی پہنچی تھی جسے کل ہی روانہ ہونا تھا تاہم اداکار کی طبیعت بگڑنے کے باعث بیرون ملک روانگی موخر کر دی گئی تھی، ڈاکٹرز کے مطابق ہسپتال میں ڈائیلاسز کے دوران عمر شریف کا بلڈ پریشر کم ہونے کے باعث طبیعت بگڑی جس کے بعد ان کو فوری طور پر سی سی یو وارڈ منتقل کردیا تھا جہاں ڈاکٹرز کی سرتوڑ کوششوں کے بعد ان کی حالت سفر کے قابل ہوئی۔ انہیں آج صبح کراچی کے نجی ہسپتال سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچایا گیا۔

ائیرایمبولینس کراچی ائیرپورٹ سے روانہ ہوئی جو اداکار کو جرمنی کے راستے امریکہ پہنچائے گی۔ واضح رہےکہ اداکار عمر شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں، ان کے امریکہ علاج کے لئے سندھ حکومت تعاون کر رہی ہے، ائیرایمبولینس کے ذریعے انہیں واشنگٹن منتقل کیا جائے گا جہاں جارج واشنگٹن یونیورسٹی ہسپتال میں مزید علاج کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق واشنگٹن یونیورسٹی ہسپتال میں عمر شریف کے علاج کیلئے معروف اداکارہ ریما خان کے شوہر اور ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب نے اہم کردار ادا کیا ہے اور وہ پاکستانی ڈاکٹروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں