حریم شاہ کا 'یوٹرن': ٹک ٹاک سٹار نے نئی ویڈیو میں اپنا بیان بدل لیا

تفریح

لاہور: (ویب ڈیسک) ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ نے اپنے خلاف سوشل میڈیا پر ہونے والی گفتگو اور انکوائری کی خبروں کے بعد یوٹرن لیتے ہوئے ایک اور ویڈیو جاری کی جس میں وہ منی لانڈرنگ کے الزام کی تردید کرتی نظر آتی ہیں۔

وہ ویڈیو میں کہتی ہیں کہ  مجھ پر منی لانڈرنگ کا الزام لگا، نہ میں نے منی لانڈرنگ کی نہ مجھے منی لانڈرنگ کے بارے میں اتنی معلومات تھیں۔ بس مذاق میں ایک ویڈیو بنائی تھی۔ میں اپنے بھائی کے دفتر میں آئی تھی تو کچھ رقم پڑی ہوئی تھی، تو اُن کی اجازت سے میں نے وہ ویڈیو بنائی۔‘ اُنھوں نے کہا کہ ’وہ رقم بھی غیر قانونی نہیں تھی۔ وہ ویڈیو میں مزید کہتی ہیں کہ جو منی لانڈرنگ کرتے ہیں وہ بتا کر نہیں کرتے۔ اُنھوں نے دعویٰ کیا کہ وہ امیگریشن کلیئر کر کے قانونی طریقے سے پاکستان سے آئی ہیں۔

خیال رہے پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ٹک ٹاکر حریم شاہ کی چند دن قبل غیر ملکی کرنسی کے ساتھ وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے اسے انٹرنیٹ پر ریاستی اداروں اور حکومتِ پاکستان کی تضحیک اور ہتک‘ کا عمل قرار دیا۔ ایف آئی اے کے سربراہ سائبر کرائم زون سندھ عمران ریاض کا اپنی سلسلہ وار ٹویٹس میں کہنا تھا کہ اس حوالے سے حریم شاہ کے خلاف سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر کراچی نے انکوائری کا آغاز کر دیا اور حریم شاہ کو اپنی وضاحت پیش کرنے کے لیے نوٹس جاری کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل حریم شاہ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ بڑی تعداد میں غیر ملکی کرنسی تھامے بیٹھی ہیں۔ ویڈیو میں اُنھیں یہ کہتے ہوئے سُنا جا سکتا تھا کہ وہ یہ کرنسی لے کر پاکستان سے برطانیہ پہنچیں مگر پاکستان میں متعلقہ حکام انھیں روکنے میں ناکام رہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں