شرمیلا فاروقی کا والدہ کا مذاق اڑانے پراداکارہ نادیہ خان کیخلاف کارروائی کا اعلان

تفریح

کراچی:(دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے اپنی والدہ کا مذاق اڑانے پر اداکارہ نادیہ خان کے خلاف سائبر کرائم کے تحت قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

اداکارہ نادیہ خان کی ایک ویڈیو ان دنوں سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنی ہوئی ہے، اس ویڈیو کی وجہ سے رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فارقی نے نادیہ خان کی رپورٹ سائبر کرائم کے تحت کرنے کا اعلان کیا ہے ۔

ویڈیو میں بظاہر نادیہ خان شرمیلا فاروقی کی والدہ انیسہ فاروقی کے میک اپ کی تعریف کرتی نظر آرہی ہیں لیکن سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو میں نادیہ خان کا تمسخرانہ انداز بھانپنے میں وقت نہ لگایا ۔

سوشل میڈیا صارفین کے مطابق نادیہ خان نے انیسہ فاروقی کا مذاق اڑایا ، ویڈیو پر شرمیلا فاروقی کا کمنٹ بھی موجود ہے جس میں انہوں نے نادیہ کو بے شرم قرار دیتے ہوئے ان کی رپورٹ سائبر کرائم کو کرنے کا اعلان کیا ۔

واضح رہے کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا ، اس سے پہلے 2010 میں بھی اداکارہ نادیہ خان کو ایک ویڈیو کی وجہ سے قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ گیا تھا جب اداکارہ نور اور ان کے سابق شوہر کے نجی جھگڑے کی ویڈیو کو اپنے پروگرام میں نشر کرنے پر دبئی حکومت نے نادیہ خان کے ایک ٹی وی شو پر پابندی عائد کر دی تھی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں