وینا ملک کی زندگی میں نئے ’مسٹری مین‘ کی انٹری

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ وینا ملک کی زندگی میں نئے ’مسٹری مین‘ کی انٹری کی خبریں گردش کرنے لگیں۔

مختلف سوشل میڈیا پیچز نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی اداکارہ و میزبان وینا ملک ایک بار پھر محبت میں گرفتار ہو گئی ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اداکارہ کی مختلف انسٹا سٹوریز کے سکرین شارٹس وائرل ہیں۔

وائرل سکرین شارٹس میں اداکارہ نے ’ایم شہریار 01‘ نامی ایک مخصوص ٹک ٹاک اکاؤنٹ اور ’شہریار چودھری‘ نامی انسٹا گرام اکاؤنٹ کی مختلف ویڈیوز کو ری شیئر کیا ہے۔

ویڈیوز اور انسٹا سٹوریز کے ساتھ سرخ دل والے ایموجی اور مختلف کمنٹس بھی موجود ہیں جو اس بات کا عندیہ دے رہے ہیں کہ اداکارہ کی زندگی میں ایک بار پھر کسی خاص شخص کی آمد ہو گئی ہے۔

اس حوالے سے اداکارہ نے خود کچھ واضح نہیں کیا ہے اور نہ ہی اداکارہ نے مذکورہ شخص کا چہرہ دکھایا ہے۔

یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اداکارہ نے کسی خاص رشتے کا عندیہ دیا ہو بلکہ اس سے قبل بھی ان کے مختلف افیئرز میڈیا کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

انہوں نے 2010 میں بھارتی ریئلٹی شو ’بگ باس سیزن 4‘ میں شرکت کی تھی جہاں ان کا معاشقہ اداکار اشمیت پٹیل کے ساتھ رہا جسے میڈیا میں بھی کافی جگہ دی گئی۔

اس کے علاوہ اداکارہ کا نام پاکستانی اداکار ببرک کے ساتھ بھی جڑا، دونوں کی محبت شہ سرخیوں کا حصہ رہی لیکن ببرک سے ان کی محبت شادی تک نہ پہنچ سکی۔

واضح رہے کہ اداکارہ وینا ملک نے 25 دسمبر 2013 کو دبئی کے بزنس مین اسد بشیر خان خٹک سے شادی کی تھی جو صرف 4 سال بعد 2017 میں طلاق کی صورت میں ختم ہو گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں