کورونا کی دوسری لہر، فرانس کے 9 شہروں میں رات کا کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ

دنیا

پیرس: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کی دوسری لہر سے بچنے کے لیے فرانس کے دارالحکومت پیرس سمیت 9 شہروں میں رات کا کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

فرانسیسی صدر ایمانویئل میکرون نے کہا ہے کہ کرفیو کا آغاز ہفتے سے ہوگا، رات نوسے صبح چھ بجے تک گھر سےنکلنے پر پابندی ہو گی۔ ملک میں صحت کی ہنگامی صورتحال کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

کئی دوسرے یورپی ممالک بھی کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ جرمنی اور نیدرز لینڈ میں جزوی لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جس کے تحت کیفے اور ریستوران بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سپین نے بھی کورونا خدشے کے پیش نظر کیٹالونیا میں جمعرات سے 15 روز کیلئے ریستوران بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ چیک ریپبلک کی حکومت نے طلبا میں وبا پھیلنے کے خطرے سے بچنے کیلئے سکول بند کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں، مذکورہ ملک میں گزشتہ 2 ہفتوں میں ایک لاکھ افراد میں انفیکشن ریٹ 581.3 تک پہنچ گیا جس کے بعد حکومت نے سنجیدہ اقدامات اٹھائے ہیں۔ آئرلینڈ میں بھی عوام کے ایک دوسرے کے گھروں میں آنے جانے اور ملاقاتوں پر جمعرات سے پابندی کا اعلان کیا گیا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں