کراچی: کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی نجی ہوٹل سے گرفتاری، فوٹیج منظر عام پر آگئی

کراچی: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو کراچی کے نجی ہوٹل سے گرفتار کرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے۔

فوٹیج میں پولیس اہلکاروں کے ہمراہ سادہ لباس میں بھی لوگ دیکھے جا سکتے ہیں۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو 6 بج کر 48 منٹ پر گرفتار کیا گیا۔ ان کی گرفتاری کا آپریشن چھیالیس منٹ جاری رہا۔

صبح 6 بج کر 8 منٹ پر ہوٹل میں پولیس کی 2 موبائلیں داخل ہوئیں۔ 6 بج کر 46 منٹ پر پولیس ٹیم 15 ویں فلور پر مریم نواز کے کمرے کے باہر پہنچ گئی۔

مریم نواز کے کمرے کے باہر سیاہ لباس میں ایک شخص فون پر ہدایات لیتا رہا۔ 6 بج کر 48 منٹ پر اہلکار دروازہ توڑ کر کمرے میں داخل ہوئے۔

چھ بج کر 50 منٹ پر کیپٹن صفدر کو کمرے سے باہر نکال کر حراست میں لیا گیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لفٹ اور لابی میں سادہ لباس میں ایک شخص کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ویڈیو بناتا رہا۔

خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک کے جلسے میں شرکت کیلئے لیگی رہنما مریم نواز 18 اکتوبر اپنے خاوند اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ کراچی پہنچی تھیں جہاں انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی۔

اس موقع پر ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے نعرہ بازی کی۔ ان کے اس اقدام پر سیاسی حلقوں کی جانب سے سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ انھیں مزار قائد کے تقدس کا احترام کرنا چاہیے تھا۔

معاملہ اس وقت بڑھا جب 19 اکتوبر کو علی الصبح پولیس نے انھیں نجی ہوٹل سے گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا۔ بعد ازاں سٹی کورٹ کی جانب سے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو ان کی فوری رہائی کا حکم دیا گیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں