پارلیمنٹ حملہ کیس: وزیراعظم عمران خان باعزت بری

پاکستان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 2014 کے دھرنے کے دوران پارلیمنٹ پر حملے کے مقدمے میں وزیر اعظم عمران خان کو باعزت بری کر دیا۔ عدالت نے بریت کی درخواست پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

 جج راجہ جواد عباس نے محفوظ فیصلہ سنایا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کی بریت کی درخواست منظور کرلی۔ وزیراعظم عمران خان کے وکیل نے بریت کی درخواست پر تحریری دلائل جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان کو جھوٹے اور بے بنیاد مقدمے میں پھنسایا گیا۔ پراسیکیوٹر نے عمران خان کے وزیراعظم بننے سے قبل درخواست کی مخالفت جبکہ وزیراعظم بننے کے بعد حمایت کی تھی۔ عمران خان اس مقدمہ میں اشتہاری اور ضمانت پر تھے۔

ان مقدمات میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ساتھ موجودہ وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک سمیت تحریک انصاف کے دیگر سینئر قائدین نامزد کیے گئے، جن میں جہانگیر خان ترین، عامر محمود کیانی، اعجاز چودھری، علی نواز اعوان، راجا خرم نواز، شوکت یوسفزئی بھی شامل ہیں۔ عدالت نے تمام ملزمان کو 12 نومبر کو فرد جرم عائد کرنے لئے طلب کرلیا ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں