امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی اُڑان جاری

تجارت

لاہور: (ویب ڈیسک) ملکی مقامی مارکیٹوں میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی اُڑان جاری ہے، امریکی کرنسی ایک مرتبہ پھر 34 پیسے سستی ہو گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 34 پیسے سستا ہو گیا اور قیمت 153 روپے 9 پیسے سے گر کر 152 روپے 76 پیسے ہو گئی ہے۔

ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر امریکی ڈالر 152 روپے 25 پیسے کی سطح پر بھی ٹریڈ ہوا تھا۔ ایک ماہ میں ڈالر 5 روپے 35 پیسے سستا ہوا۔ ڈالر سستا ہونے سے بیرونی قرضوں کے بوجھ میں 550 ارب روپے کمی ہوئی۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی طرف سے 50 کروڑ ڈالر کی تیسری قسط کا موصول ہونا، روشن ڈیجیٹل پروگرام کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے ملک میں سرمایہ کاری کرنا، یورو بانڈز کے 2.5 ارب ڈالر کا اجراء اور ریکارڈ ترسیلات زر کے باعث روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں ریکارڈ گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ قوی امکان ہے کہ یہ تسلسل آئندہ دو ماہ تک جاری رہے جبکہ پاکستان نے اس عرصے کے دوران بیرونی ادائیگیاں بھی نہیں کرنی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں