ارشد ندیم نے ایران میں منعقدہ اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا

کھیل

مشہد: (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف کھلاڑی ارشد ندیم نے ایران میں منعقد ہونے والی اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کر دیا ہے۔

ارشد ندیم نے ایران میں ہونے والی اتھلیٹکس چیمپئن شپ جیولن ایونٹ میں ناصرف گولڈ میڈل جیتا بلکہ 86.38 میٹر کی تھرو سے اپنا ریکارڈ بھی بہتر کیا۔

خیال رہے کہ اتھلییٹ ارشد ندیم ان دنوں ٹوکیو اولمپکس کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے آج ایران کے شہر مشہد میں منعقد ہونے والے کھیل کے مقابلوں میں حصہ لیا تھا۔

نوجوان اتھلیٹ نے جیولین تھرو ایونٹ میں پاکستان کیلئے سونے کا تمغہ جیتا ہے۔ ارشد ندیم اپنی تیاریوں کے دوسرے مرحلے میں 13 اپریل کو ترکی روانہ ہوں گے جہاں وہ قازقستان کے جیولن تھرو کوچ وکٹر کی زیر نگرانی تین ہفتے ٹریننگ کریں گے۔

صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے نوجوان اتھلیٹ ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی پر انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں صوبائی وزیر نے لکھا کہ شاباش ارشد ندیم! ایران میں ہونے والی امام علی رضا علیہ الاسلام اتھلیٹکس چیمپئن شپ جیولن ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارک باد۔ 86.38 میٹر کی تھرو سے آپ نے اپنا ریکارڈ بھی بہتر کیااور ملک کا نام روشن کیا۔محنت جاری رکھیں،انشاللہ ٹوکیو اولمپکس میں پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں