'عالمی برادری اسرائیلی سفاکیت کا نوٹس لے، مسئلہ فلسطین پر مسلم امہ کو متحد ہونا ہوگا'

پاکستان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر گولیاں برسانا افسوس ناک ہے، نہتے فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ فوری بند کیا جائے، عالمی برادری اسرائیل کی سفاکیت کا نوٹس لے، مسئلہ فلسطین پر مسلم امہ کو متحد ہونا ہوگا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مؤقف مسئلہ فلسطین اور مسجد اقصیٰ پر واضح ہے، پاکستان فلسطین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتا ہے، فلسطین کی صورتحال پر ترکی کا بھی ایک واضح مؤقف ہے۔

 دورہ سعودی عرب پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دورہ سعودی عرب غیر معمولی نوعیت کا تھا، سعودی حکام کی دعوت پر وزیراعظم نے 3 روزہ دورہ کیا، پاک سعودی تعلقات پہلے بھی عمدہ تھے اب تعاون کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے، پاکستان کی خواہش کے مطابق ایران اور سعودی تعلقات میں بہتری آ رہی ہے، سفیروں سے متعلق شکایات پر تحقیقات کے ساتھ اصلاحات بھی کر رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کل آرمی چیف افغانستان میں تھے، اہم ملاقاتیں ہوئیں، کل کی نشست کے بعد خطے میں امن کے واضح امکانات نظر آ رہے ہیں، کابل میں سکول پر حملہ افسوسناک ہے، پاکستان نے بھرپور مذمت کی، ہم افغانوں کے خیرخواہ ہیں، خوشحال اور خودمختار افغانستان دیکھنا چاہتے ہیں، افغانستان میں امن سے پاکستان کو بھی فائدہ ہوگا، افغانستان میں امن طالبان اور افغان حکومت کے مفاد میں ہے۔


 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں