افغانستان: نماز جمعہ کے دوران دھماکا، امام مسجد سمیت 12 شہید، طالبان کی مذمت

دنیا

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان سے افسوسناک خبر آئی ہے جہاں پر مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکا ہوا، جس کی زد میں آ کر امام مسجد سمیت 12 افراد شہید ہو گئے ہیں۔ دوسری طرف طالبان نے حملے کی مذمت کر دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترجمان کابل پولیس نے بتایا کہ امام مسجد سمیت 12 افراد شہید ہوئے ہیں جبکہ 15 افراد زخمی ہوئے۔ یہ دھماکہ صوبہ کابل کے شکر درہ ضلعے میں مسجد کے اندر ہوا۔

یہ دھماکہ جمعرات سے طالبان اور حکومتی فوجوں کے درمیان طے پانے والے تین روزہ عارضی جنگی بندی کے اعلان کے بعد ہونے والا پہلا بڑا واقعہ ہے۔

دونوں جانب سے عیدالفطر کے موقع پر جنگی بندی کی پاسداری کرنے پر اتفاق کیا تھا، گذشتہ دو دہائیوں سے جاری شورش میں یہ چوتھا ایسا موقع تھا کہ جنگی بندی کی گئی ہے۔

دوسری طرف افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے مسجد میں حملے کی مذمت کی ہے۔

خیال رہے کہ امریکا کی جانب سے یکم مئی سے اپنے 2500 بقیہ فوجیوں کے افغانستان سے باضابطہ انخلا کے بعد حالیہ ہفتوں میں ملک بھر پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

گذشتہ ہفتے کابل میں لڑکیوں کے سکول میں باہر ہونے والے سلسلہ وار دھماکوں میں 50 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے جن میں زیادہ تر کم عمر لڑکیاں شامل تھیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں