پاکستانی امسال بھی حج ادا نہیں کرسکیں گے، سعودی حج پالیسی کا اعلان

پاکستان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستانی اس سال بھی فریضہ حج ادا نہیں کرسکیں گے، صرف سعودی شہری اور سعودیہ میں مقیم غیرملکیوں کو جج کی اجازت ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج 2021ء اندرون ملک کے عازمین تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیصلے کے مطابق 60 ہزار سعودی شہریوں اور اقامہ ہولڈرز کو فریضے کی ادائیگی کی اجازت ہوگی۔

 ڈی جی حج ابرار مرزا کا کہنا ہے کہ حج محدود کرنے کی وجہ کورونا کی صورتحال اور وائرس کی نئی اقسام ہیں، 18سال سے 65 سال کی عمر کے ان عازمین کو حج کی اجازت ہو گی جنہوں نے کورونا ویکسین لگوا رکھی ہے، سعودی حکومت کیلئے عازمین حج کی سلامتی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، جدہ انسانی جانوں کی سلامتی کا تحفظ اسلامی شریعت کا بھی اولین اصول ہے۔ عالمی وبا کے باعث مشاعر مقدسہ میں بڑی بھیڑ لگانا اور ان میں سلامتی کے اصولوں کا انطباق کرنا انتہائی مشکل کام ہے۔ موجودہ صورتحال اور خدشات کے سبب فریضے کی ادائیگی کو محدود کیا جائے گا۔

ڈی جی حج مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اندرون ملک سے حج کے خواہشمند آن لائن طریقہ سے حج کی درخواست جمع کرائیں گے۔ حج کی درخواستیں جمع کرانے کے لئے الیکٹرانک طریقہ کار آئندہ دنوں جاری کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی اعلان کے مطابق عازم حج صحت مند اور توانا ہو، کسی بھی مستقل بیماری میں مبتلا نہ ہو۔ عمر 18 سے 65 سال اور کورونا ویکسین حاصل کرچکا ہو۔ ضابطوں کی پابندی خود عازمین حج کی سلامتی اور ان کے اپنے ملکوں کے تحفظ کے لئے ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں