مقبوضہ کشمیر میں عیدالاضحیٰ کے اجتماعات پر پابندی، پاکستان کی شدید مذمت

پاکستان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارتی حکام کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں عیدالاضحیٰ کے اجتماعات اور جانوروں کی قربانی پر پابندیوں کی مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان بھارتی حکام کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں عیدالاضحیٰ کے اجتماعات اور جانوروں کی قربانی پر پابندیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی تاریخ کے اہم ترین دن کے موقع پر نماز عید اور مذہبی اجتماعات پر پابندیوں سے بھارتی حکومت کی بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے مسلمانوں کے جذبات کی توہین اور تعصب کی عکاسی ہے، یہ مذہبی آزادی کے بنیادی حق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

پاکستان نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے دیگر اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کے مذہبی اور آزادی کے حق کو غصب کرنے اور بین الاقوامی قوانین اور کنونشنز کی خلا ف ورزیوں کا نوٹس لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو اس حقیقت کا ادراک ہونا چاہئے کہ ایسے اقدامات کشمیریوں کی خواہش اور غیر قانونی بھارتی قبضہ سے آزادی کے جذبات کو نہیں دبا سکتے۔ پاکستان کشمیریوں کے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتا ہے جس کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداوں میں وعدہ کیا گیا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں