5 افسران سمیت 46 افغان فوجی نواں پاس کے مقام پر افغان حکام کے حوالے

پاکستان

راولپنڈی: (دنیا نیوز) افغانستان میں طالبان کے حملوں کے دوران پاکستان آنیوالے 5 افسروں سمیت 46 افغان فوجیوں کو ان کے ہتھیاروں اور آلات سمیت نواں پاس کے مقام پر 12 بجکر 35 منٹ پر افغان حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چترال کے ارندو سیکٹر کے پاس پاک افغان بارڈر پر تعینات افغان فوجی کمانڈر نے پناہ کیلئے پاک فوج کے ساتھ رابطہ کیا، جس میں افغان فوج اور بارڈر پولیس کے اہلکاروں کیلئے پناہ اور محفوظ راستے کی درخواست کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مذکورہ افغان فوجی گزشتہ رات آرندو سیکٹرچترال پہنچے تھے، افغان کمانڈرکی درخواست پر پاک فوج کی طرف سے افغان حکام سے رابطہ کیا گیا، جس کے بعد افغان فوجیوں کو پاکستان میں داخلے کی اجازت دے دی گئی اور فوجی روایات کے مطابق افغان اہلکاروں کو خوراک اور ضروری طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ افغان فوجی انٹرنیشنل بارڈر پر اپنی پوسٹوں کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو رہے تھے اور اپنی چوکی پر مزید کنٹرول جاری رکھنے کے قابل نہیں رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس سے قبل یکم جولائی کو بھی 35 افغان فوجیوں نے پاک فوج سے پناہ طلب کی تھی، ان اہلکاروں کو بھی محفوظ پناہ فراہم کرنے کے بعد افغان حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں