پاک چین شراکت داری علاقائی امن واستحکام کیلئے انتہائی اہم ہے: آرمی چیف

پاکستان

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی مفادات کے تحفظ کیلئے مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی شراکت داری علاقائی امن واستحکام کیلئے انتہائی اہم ہے

پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات جی ایچ کیو میں پیپلز لبریشن آرمی کے 94ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے اس اہم تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں چینی سفیر، دفاعی اتاشی، چینی سفارتخانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے افسران نے بھی شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دفاع، سیکیورٹی اور نیشن بلڈنگ میں پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کی قیادت کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے منفرد اور انتہائی قریبی تعلقات ہیں۔

آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر چیلنج کے دوران پاک چین تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں۔ ماضی اور حال میں درپیش ہر چیلنج میں ہم نےایک دوسرےکا ساتھ نبھایا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پیپلز لبریشن آرمی اور پاک فوج مشکل وقت کے بھائی ہیں۔ باہمی مفادات کے تحفظ کے لیے ہمارے تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں۔ پاک چین سٹریٹیجک تعلقات خطے میں مثالی نوعیت کے ہیں۔

اس موقع پر چین کے دفاعی اتاشی نے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین ہر موسم کے دوست، سٹریٹیجک پارٹر اور آہنی بھائی ہیں۔ دنیا بدل سکتی ہے لیکن ہم ہمیشہ ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم اپنے مفادات، جغرافیائی تحفظ اور علاقائی امن واستحکام کیلئے متحد ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چین کے دفاعی اتاثشی نے یوم تاسیس پر استقبالیہ دینے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے صدر ژی جن پنگ کے بیان کو بھی دہرایا۔ چین کے صدر نے پاکستان کی مسلح افواج کو پاک چین سٹرٹیجک تعلقات کا اہم ستون قرار دیا تھا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں