شمالی وزیرستان: دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ، پاک فوج کا جوان شہید

پاکستان

شمالی وزیرستان: (دنیا نیوز) پاک فوج کا ایک اور جوان وطن پر قربان ہو گیا، شمالی ویرستان میں دہشتگردوں کیساتھ لڑائی میں جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق دہشتگردوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے گھڑیوم میں چیک پوسٹ پر فائرنگ کی۔ اس فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 37 سالہ نائیک غلام مصطفی شہید ہو گیا۔ شہید غلام مصطفی کا تعلق مظفر آباد سے ہے۔ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے نائیک غلام مصطفی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نائیک غلام مصطفی شہید کی تدفین مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ کی گئی، نماز جنازہ آئی علاقہ ڈونہ چھتر میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں شہید کے عزیز واقارب کے علاوہ اہل علاقہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔


آئی ایس پی آر کے مطابق اس کے علاوہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کےعلاقے زنگوتی میں آپریشن کرکے دو دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ یہ اہم آپریشن دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ دہشتگرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک افسر اور سپاہی زخمی ہوئے۔

یاد رہے کہ 17 جولائی کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے کہا تھا کہ پاک افغان سرحد پر تمام غیر قانونی کراسنگ پوائنٹس سیل کردیے گئے ہیں جبکہ سرحد پر باقاعدہ طور پر فوجی دستے تعینات کر دیئے گئے ہیں۔

بابر افتخار نے کہا تھا کہ پاک فوج کے ریگولر دستے پاک افغان سرحد پر پٹرولنگ کر رہے ہیں اور بارڈر پر غیر قانونی کراسنگ پوائنٹس کو سیل کر دیا گیا ہے۔ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی کڑیاں افغانستان سے ملتی ہیں کیونکہ افغانستان کی حالیہ صورتحال کے باعث وہاں پر دہشت گرد شدید دبائو میں ہیں۔ یکم مئی 2021ء کے بعد 167 دہشت گردی کے حملوں کی اطلاعات پر پاک فوج نے معلومات (آئی بی او) کی بنیاد پر 7 ہزار سے زیادہ آپریشنز کئے ہیں جن میں مختلف علاقوں کی تلاشی سمیت دیگر کارروائیاں شامل ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ ہم افغانستان میں امن عمل کے ضامن نہیں ہیں کیونکہ افغانستان کے شراکت دار ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ پاکستان میں امن و امان افغانستان کے امن سے منسلک ہے۔ ہم باریک بینی سے علاقائی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور افغان امن عمل میں مخلصانہ کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہم افغانستان میں امن و امان کی بحالی کیلئے تمام شراکت داروں کے مابین مذاکرات کے عمل کیلئے ہم نے ہر طرح کے ممکنہ اقدامات کئے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں