این سی او سی کا کورونا کی پابندیوں میں نرمی کا اعلان

پاکستان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں کمی کے بعد پابندیوں میں نرمی کا اعلان کردیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے سربراہ اسد عمر کی سربراہی میں این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں ملک بھر میں کورونا صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور کورونا کی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے اہم فیصلے کیے گئے۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر کے تعلیمی ادارے16 ستمبر سے کھولے جائیں گے، تعلیمی ادارے 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھولے جائیں گےاور متبادل دن کلاسز ہوں گی۔

این سی او سی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ماسوائےکورونا پھیلاؤ والے اضلاع کے ملک بھر میں مارکیٹس رات 10 بجے تک کھلی رہیں گی جب کہ رات 12 بجے تک ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت ہوگی، ویکسینیٹڈ افراد کے ساتھ 200 کی ان ڈور تقریب کی اجازت ہوگی اور آؤٹ ڈور 400 افراد کو تقریبات میں شرکت کی اجازت ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق دفاتر میں مکمل حاضری اور نارمل اوقات کار نافذ کردیے گئے ہیں جب کہ سنیما گھر بند رہیں گے، کراٹے، باکسنگ،کبڈی اور واٹراسپورٹس پر پابندی برقرار رہے گی تاہم ویکسینیٹڈ افراد کے لیے 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ جمز کھلے رہیں گے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہےکہ ٹرینیں 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلیں گی جب کہ بیرون ممالک سے پاکستان آنے والوں کے لیے سفری پالیسی برقرار رہے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا پھیلاؤ والے اضلاع پنجاب میں 5 ہیں، لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، گجرات اور خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پابندیاں برقرار رہیں گی۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ کورونا کے زیادہ شرح والے اضلاع میں صورتحال کا دوبارہ جائزہ 21 ستمبر کو لیا جائے گا اور مزید فیصلے صورتحال کے پیش نظر روزانہ کی بنیاد پر جائزہ اجلاس میں کیے جائیں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں