اسرائیل کی جیل سے فرار ہونے والے آخری دو قیدی بھی دوبارہ گرفتار

دنیا

جنین: (دنیا نیوز) اسرائیلی فورسز نے جیل سے فرار ہونے والے آخری دو قیدیوں کو بھی گرفتار کرلیا۔ دونوں قیدیوں کو جنین نامی قصبے سے گرفتار کیا گیا۔ دو ہفتے قبل چھ قیدی اسرائیل کی انتہائی حساس جیل سے سرنگ کھود کر فرار ہوئے تھے، جنہیں ایک ایک کر کے گرفتار کرلیا گیا۔

صہیونی فورسز نے دونوں فلسطینیوں کو مغربی کنارے میں جنین نامی قصبے سے گرفتار کیا۔ دونوں قیدیوں نے فلسطینی آبادی کو ہراسانی سے بچانے کے لئے خود کو سرنڈ ر کیا۔

گرفتاری سے قبل 35 سالہ فواد کمامجی نے اپنے والد کو فون کر کے اطلاع دی تھی کہ صہیونی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کیا ہوا ہے، مزید افراد کو پریشانی سے بچانے کے لئے انہوں نے گرفتاری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ والد نے مزید بتایا کہ اسرائیل کی جدید ٹیکنالوجی کے باوجود ان کے بیٹے نے فرار ہو کر اور دو ہفتے تک چھپے رہ کر صہیونی حکومت کے منہ پر طمانچہ مارا ہے۔

2 ہفتے قبل 6 فلسطینی قیدی اسرائیل کی ہائی سیکورٹی جیل سے سرنگ کھود کر فرار ہوگئے تھے، جن کی دوبارہ گرفتاری کے لئے اسرائیلی فورسز نے مظالم کی انتہا کر دی، درجنوں فلسطینیوں کو گرفتار کر کے پوچھ گچھ کی گئی اور تمام 6 قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا۔ مزاحمتی تنظیم حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ قیدیوں کا تبادلہ کر کے ان 6 قیدیوں کو ضرور آزاد کروایا جائے گا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں