پاکستان کرکٹ کیلئے ایک سپیشل جگہ ہے: ولیمسن کا دورہ منسوخ ہونے پر اظہار افسوس

کرکٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کا یکطرفہ دورہ منسوخ کرنے والی نیوزی ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ کیلئے ایک سپیشل جگہ ہے، وہاں پر کرکٹ کیلئے بڑا جوش پایا جاتا ہے۔

بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کیویز کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس کھیل کے لیے بہت جوش ہے اور میرا خیال ہے کہ کھلاڑی وہاں سیریز نہ کھیلنے پر بہت مایوس ہوں گے۔ انہیں پاکستان کے خلاف سیریز منسوخی کے پیچھے تفصیلات کا علم نہیں کیونکہ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کھیلنے کے لیے دبئی میں موجود ہیں۔ اگلے کچھ دنوں میں اس حوالے سے مزید معلومات لیں گے۔

میزبان کی طرف سے پوچھا گیا کہ کیا اس سیریز کے منسوخ ہونے سے پاکستان کی کرکٹ پر منفی اثرات مرتب ہوں گے؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ ایسا نہ ہو کیونکہ ہم دنیا کے ہر ملک میں کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔ ہم اس سیریز کو دوبارہ پاکستان منتقل ہونے پر پُرجوش تھے اور مجھے پتا ہے کہ ہماری ٹیم وہاں کرکٹ کھیلنا چاہتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور جب اس طرح کے پیغامات حکومت کے ذریعے آتے ہیں تو کھلاڑیوں کے ہاتھ میں کچھ نہیں ہوتا۔ کھلاڑی وہاں موجود تھے اور گراؤنڈ جانے کے لیے تیار تھے لیکن اچانک یہ سب ہو گیا۔ امید ہے سیریز منسوخ ہونے سے پاکستان کرکٹ پر دیرپا اثرات نہیں ہوں گے کیونکہ وہ کرکٹ کے لیے ایک سپیشل جگہ ہے اور کرکٹ کی وہاں واپسی کے لیے بہت سے اقدامات کیے گئے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں