وزیراعظم عمران خان سے قومی ٹی 20 سکواڈ کی ملاقات، بے خوف ہو کر کھیلنے کا مشورہ

کرکٹ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے ورلڈکپ سکواڈ میں قومی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کھلاڑیوں کو بے خوف ہو کر کھیلنے کا مشورہ دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق وزراعظم عمران خان سے ٹی 20 ورلڈکپ سکواڈ میں شامل قومی کھلاڑیوں نے ملاقات کی، ملاقات میں موجودہ کرکٹ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ نے بھی شرکت کی۔

ملاقات کرنے والوں میں بابر اعظم، شاداب خان، آصف علی، اعظم خان، حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، صہیب مقصود شامل ہیں۔

ملاقات سے قبل جب قومی کھلاڑی وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو کھلاڑیوں نے سفید قمیض شلوار اور گہرے نیلے رنگ کی ویسٹ کوٹ زیب تن کر رکھی تھی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان میں ڈومیسٹک سسٹم سمیت کرکٹ کے امور پر بات چیت ہوئی۔

وزیر اعظم نے ملاقات کے دوران کھلاڑیوں کو ٹی 20 ورلڈ کپ سے متعلق ٹپس دیں اور کھلاڑیوں کو بے خوف ہوکر ورلڈ کپ کھیلنے کا مشورہ دیا۔

وزیراعظم نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ انگلینڈ کے دورہ منسوخی کا بہترین پرفارمنس سے جواب دیں، پاکستان کھیلوں کےلئے محفوظ ملک ہے، آپ اپنی پرفارمنس بہتر بنانے پر فوکس کریں، انشاء اللہ جلد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ہوگی۔

وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے کامیابی کے اصول وضع کر رکھے ہیں۔ نبی کریم ﷺ دنیاکےسب سے کامیاب ترین انسان ہیں۔ کامیابی کا راستہ سچائی اور ایمانداری کاہے۔ انسان کوشش اور محنت سے اپنی تقدیر بدل سکتا ہے۔

کھلاڑیوں کو مشورہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک راستہ عزت کا ہے اور دوسرا پیسے کا، آپ کو پیسے کا بت توڑنا ہے۔ آپ کوٹیم اورقوم کیلئے کھیلنا ہے۔ پوری قوم کی نظریں آپ پرہیں۔ آپ دنیا میں پاکستان کے نمائندے اور سفیر ہیں۔ ٹیلنٹ کی کمی نہیں، پوری دنیا پاکستانیوں کا ٹیلنٹ تسلیم کرتی ہے۔ آپ میں ٹیم سپرٹ ہونی چاہیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب میدان میں اتریں تو خوداعتمادی اور جیت کے جذبے سے اتریں۔ وہ ٹیم کبھی نہیں جیت پاتی جو ہار سے بچنے کیلئے کھیلے۔ میں جب کھیلتا تھا تو کرکٹ کو برے حالات سے نکال کر ورلڈکپ جیتا۔ دفاعی نقطہ نظرسےکھیلنےوالی ٹیم کبھی نہیں جیت پاتی۔ ہم نے ہی کرکٹ میں اٹیکنگ ٹیکنیک کو متعارف کرایا۔ پوری قوم قومی کرکٹ ٹیم کوکامیاب دیکھناچاہتی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں