آسام میں مسلمانوں پرتشدد، بھارتی ناظم الامور دفتر خارجہ طلب

پاکستان

اسلام آباد: (’نیا نیوز) بھارتی ریاست آسام میں مسلمانوں پر تشدد کے بعد پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا اور واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی ریاست آسام میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے پر شدید تشویش ہے، آسام میں مسلمان باشندوں کے خلاف وحشیانہ بے دخلی مہم کا آغاز تشویشناک ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پولیس کے ہاتھوں غیر مسلح شخص کا قتل کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز کی موجودگی میں متعدد افراد نے لاش کی بے حرمتی کی، نہتے شخص کے قتل اور لاش کی بے حرمتی کی ویڈیو ناقابل یقین حد تک دھچکا ہے۔

مقبوضہ کشمیر پر ریاستی دہشتگردی کے تسلسل پر بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مزید 3 کشمیری شہریوں کو شہید کئے جانے کی پرزور مذمت کرتے ہیں، بھارتی قابض فورسز نے اُڑی سیکٹر میں 65 سالہ بزرگ سمیت 3 کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا ۔

عاصم افتخار کے مطابق یہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی تازه مثال ہے۔ بھارت یہ جان لے کہ وہ ریاستی ظلم و جبر سے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتا۔ اڑی میں دراندازی کے خلاف نام نہاد آپریشن درحقیقت وہی جعلی آپریشن ہے جسکے بارے پاکستان خبردار کرتا آیا ہے۔ بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں جعلی سرچ آپریشن کے نام پر ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ رواں سال 100 کشمیریوں کو شہید کیا گیا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں