بچوں کے بال،کان کھینچنا جرم ہوگا،سینٹ کی انسانی حقوق کمیٹی میں بل منظور

پاکستان

اسلام آباد:(دنیا نیوز)بچوں پرجسمانی سزاؤں کی ممانعت کا بل سینٹ کی انسانی حقوق کی کمیٹی میں متفقہ طور منظور کرلیا گیا ہے جس کے مطابق بچوں کےبال،کان کھینچنا یا دھمکانہ بھی جرم ہو گا۔

ذرائع کے مطابق سینٹ کی انسانی حقوق کی کمیٹٰی نے متفقہ طور پر بل منظور کیا ہے جس کے متن کے مطابق بچوں کوکرنٹ لگانا ، ہاتھ،بیلٹ،سٹک،جوتے،لات اورچمچہ سےمارنا بھی جرم ہوگا۔

منظور کئے گئے بل کے متن میں کہا گیا کہ 18سال سے کم عمر بچے کو تھپڑ مارنے پر بھی سزا ہو گی جبکہ ممانعت بل کااطلاق سکولز،مدراس،یتیم خانوں ودیگر اداروں پر ہوگا۔

بل کے متن میں مزید بتایا گیا کہ وزرات تعلیم ،سکولز جبکہ وفاق المدراس کمیٹیز تشکیل دیں گی، کمیٹی 3ارکان پر مشتمل ہوگی جس میں ایک خاتون رکن کا ہونا لازم ہوگا جبکہ بل نوٹیفائی کمیٹی 30 روز میں کسی شکایت پر فیصلہ کرےگی۔

متن کے مطابق سزا یافتہ ملزم کو وفاقی محتسب میں اپیل کا حق حاصل ہوگا، بچوں کو سزا دینے میں ملوث شخص کومعطل،ملازمت سے فارغ یا پھر اس کی تنزلی کی جائےگی۔ جبکہ بچوں پر جسمانی سزامیں ملوث افرادکیخلاف پاکستان پینل کوڈ کے تحت سزابھی ہوگی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں