بد ترین مہنگائی ووٹ کی عزت پامال کرنے کا نتیجہ ہے:مریم نواز

پاکستان

لاہور:(دنیا نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اپوزیشن فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے ،پارٹی نہیں ملک کے لئے آگے بڑھنا ہوگا،بد ترین مہنگائی ووٹ کی عزت پامال کرنے کا نتیجہ ہے، عوام خود کشیوں پر مجبورہےاور حکمرانوں کو صرف اقتدار بچانے کی فکر ہے جبکہ کٹھ پتلی مسلط ہوتو ملک کا نقصان ہوتا ہے۔

حویلیاں میں مسلم لیگ (ن) سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی نائب صدر مریم نوازشریف نے بذریعہ وڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ کو ردی کے ٹکڑے کی طرح مسل دیاجاتاہے،شائد 74 سال میں مہنگائی اتنی نہیں ہوئی ہوگی جتنی آج ہے ،نوازشریف کے دور میں کہاجاتاتھاکہ جب پٹرول، بجلی مہنگی ہوتی ہے تو وزیراعظم چور ہوتاہے جبکہ نوازشریف تو چور نہیں نکلے۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف کے دور میں تو غریب سے غریب بھی پیٹ بھر کے سوتاتھا، مہنگی میں حکومتی نااہلی کا عمل دخل توہے ہی ،ووٹ کی عزت پامال کرنےکا بھی بھی نتیجہ ہے جبکہ جب ہم نے ووٹ کوعزت دو کی بات تو مخالفین نے ہم پر تنقید کی یہ تو اپنی بات کررہے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ جب ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو ایسے حکمران مسلط کردیئے جاتے ہیں جنکوصرف اپنی کرسی کی فکر ہوتی ہے ،فیصل آباد واپسی پر میں ایک سٹور پر گئی تو عوام مجھے مل گئے، عوام کاکہناتھا خدا را ہماری اس حکومت سے جان چھڑائیں، عوام کاکہناہے کہ ہم مرگئے ہیں اس جعلی حکومت سے جان چھڑائیں۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سوشل میڈیا ٹیم نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا، عوام مہنگائی کے باعث رل گئے ،خود کشیوں پر مجبور ہوگئے جبکہ حکمرانوں کو صرف اس بات کی پرواہ ہے کہ اپنی حکومت کو کیسے بچانا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں