ٹی20ورلڈ کپ :پاک بھارت میچ،شاہینوں نے کئی ریکارڈ پاش پاش کردیئے

کرکٹ

لاہور:(ویب ڈیسک)گزشتہ روز ٹی 20ورلڈ کپ کے پاک بھارت میچ میں شاہینوں نے کئی ریکارڈ پاش پاش کرکے دنیائے کرکٹ کواپنا گرویدہ کرلیا۔

دنیائے کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ کرک انفو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ شیئر کی جس کے مطابق ون ڈے اور ٹی 20 ورلڈکپ میچز کے دوران پاکستان کی بھارت کے خلاف یہ پہلی جیت ہے۔پاکستان نے ٹی 20 کرکٹ میں پہلی دفعہ کسی ٹیم کو 10 وکٹوں سے شکست دی ہے جبکہ بھارت بھی پہلی دفعہ کسی ٹیم سے دس وکٹوں کے مارجن سے ہارا ہے۔

کرک انفو کے مطابق پاکستان نے بھارت کے خلاف 152 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے آسانی سے حاصل کیا،یہ ٹی 20 کرکٹ میں دوسرا بڑا ٹوٹل ہے جس کو بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے حاصل کیا گیا۔

محمد رضوان اور بابر اعظم کی 152 رنز کی پارٹنر شپ ٹی 20 ورلڈکپ میں اوپننگ بلے بازوں کی سب سے بڑی پارٹنر شپ ہے جبکہ ٹی 20 ورلڈکپ میں کسی بھی وکٹ کے لیے یہ دوسری بڑی پارٹنر شپ ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز بھارت کے خلاف 29سال بعد ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ میچ جیت کر تاریخ رقم کی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں