جدید ٹیکنالوجی سے لیس تربیت یافتہ فوج ہی ملک کا دفاع کر سکتی ہے: آرمی چیف

پاکستان

ملتان: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس تربیت یافتہ فوج ہی ملک کا دفاع کر سکتی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنوبی کمانڈ ہیڈ کوارٹرز ملتان کا دورہ کیا۔ جنوبی کمانڈ ہیڈکوارٹرز آمد پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد چراغ حیدر نے خیرمقدم کیا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو فارمیشن کے آپریشنل، تربیتی اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے فیلڈ فارمیشن کی تربیتی مشقوں کا مشادہ کیا اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے کوٹ عبدالحکیم میں سٹرائیک کور کی انٹیگریٹڈ ٹریننگ کا بھی مشاہدہ کیا۔

اس موقع پر سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نےکہا کہ مشقیں جوانوں کے اعتماد میں اضافےکا ذریعہ ہیں، چیلنجز کے باوجود ہماری توجہ پاک فوج کی روایتی صلاحیتوں کو بڑھانے پر ہے۔ پاک فوج ملک کو درپیش کسی بھی چلینج کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی سے لیس تربیت یافتہ فوج ہی ملکی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کر سکتی ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ انٹیلیجنس، سرویلنس اور ریکانیسنس، ایئر ڈیفنس، سائبر اور میکانائزیشن پر توجہ مرکوز ہے۔ تمام تر چیلنجز کے باوجود ہماری توجہ روایتی صلاحیتوں پر مرکوز ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں