کالعدم تنظیم کے مارچ کو ہر صورت روکا جائے گا: وفاقی وزیر داخلہ

پاکستان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کالعدم تنظیم کے احتجاج پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیم کے مارچ کو ہر صورت روکا جائے گا۔

وزیرداخلہ نے کالعدم تنظیم کے پرتشدد مظاہرین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت یرغمال نہیں بنے گی، ریاست کی رٹ کو ہر صورت قائم کیا جائیگا، تمام مطالبات تسلیم کرلیے تھے، احتجاج کا کوئی جواز نہیں، مارچ کو ہر صورت روکا جائیگا۔ اگر مظاہرین واپس مرکز چلے جائیں تو حکومت ان سے بات چیت کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ جی ٹی روڈ بند کرنیکی اجازت نہیں دی جائیگی، یہ دفاعی لحاظ سے اہم شاہراہ ہے اسے بند نہیں کیا جاسکتا، جمعہ اور ہفتہ کو دوبارہ کالعدم تنظیم کے قیادت سے دوبارہ بات ہو گی، وزیراعظم عمران خان پاکستان کی ریاست مدینہ کی طرز پر تعمیر کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، حکومتی سطح پر پہلی بار ملک بھر میں عشرہ رحمت اللعالمین بھرپور طریقے سے منایا گیا، جب تمام مطالبات پہلے ہی تسلیم کیے جاچکے تو احتجاج اور پرتشدد مظاہروں کا کوئی جواز نہیں۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ فرانس کا سفیر پاکستان چھوڑ کر جا چکا ہے، ان ہنگاموں کے دوران پولیس کے جوان شہید ہوئے، اس کا حساب کون دے گا؟، مظاہرین نے پولیس پر کلاشنکوفوں سے سیدھی گولیاں چلائیں، پاکستان کو نقصان پہنچا کر اسلام کی کون سی خدمت کی جارہی ہے، جو حالات پیدا کیے گئے ہیں اس سے کالعدم تنظیم اور حکومت دونوں کا نقصان ہو گا، پاکستان کیخلاف عالمی پابندیاں لگانے کی سازش ہو رہی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے پولیس کو وہ اختیارات نہیں دیے جو وہ ہم سے مانگ رہے ہیں، بات آگے بڑھی تو جو سڑکوں پر ہیں انہی کا نقصان زیادہ ہو گا، کالعدم تنظیم سیاسی رول ادا کرے، الیکشن کمیشن نے اس پر پابندی نہیں لگائی، حکومت جھکے گی نہ یرغمال بنے گی۔ ریاست کی رٹ قائم کی جائیگی اور مظاہرین کو ہر صورت روکا جائیگا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں