ٹیکنالوجی کا استعمال: الیکشن کمیشن کا حکومت کو فنڈز جاری کرنے سے متعلق خط

پاکستان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئندہ عام انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے حکومت کو فنڈز جاری کرنے سے متعلق خط لکھ دیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے حکومت کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن 8 لاکھ سے زائد ای وی ایم خریدے گا، الیکشن کمیشن کو ای وی ایم کی اسٹوریج کیلئے 3 ایکڑ زمین درکار ہوگی، الیکشن کمیشن نے ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق اقدامات کرنے ہیں، الیکشن کمیشن کو ڈیٹا سینٹر، کنٹرول سینٹر، جدید لیب، پرنٹنگ اور ٹریننگ سیشنز کیلئے عمارت درکار ہے۔

خط میں مزید کہا گیا کہ وزارت پارلیمانی امور پلاننگ کمیشن نے عمارت کی تعمیر کیلئے فنڈز جاری نہیں کیے، ضروری انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لئے فنڈز میں تاخیر سے پہلے ہی وقت کا ضیاع ہوچکا ہے، پلاننگ کمیشن سیکٹر ایچ 11 میں عمارت کی تعمیر کیلئے فنڈز جاری کرے، وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس عمارت کی تعمیر کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے، ویئر ہاؤس بر وقت تعمیر نہ ہونے کے خدشہ کے پیش نظر حکومت کسی سرکاری عمارت میں جگہ مختص کرے۔

الیکشن کمیشن نے وزارت پارلیمانی امور سے معاملہ متعلقہ حکام تک پہنچانے کا مطالبہ کر دیا۔ الیکشن کمیشن نے ای وی ایم سٹوریج کے لئے حکومت کو کوہسار بلاک میں 2 فلور مختص کرنے کی تجویز دے دی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں