سوئیڈن کی پہلی خاتون وزیراعظم کو چند گھنٹے بعد ہی استعفی دینا پڑ گیا

دنیا

سٹاک ہوم: (ویب ڈیسک) سوئیڈن کی پہلی خاتون وزیراعظم کی خوشی اس وقت مٹی میں مل گئی جب انہیں عہدہ سنبھالے چند گھنٹے ہی گذرے تھے کہ وزارت عظمی سے استعفی دینا پڑ گیا۔

رپورٹ کے مطابق 54 سالہ سویڈش سیاست دان میگڈیلینا اینڈرسن کو پارلیمنٹ نے وزیراعظم منتخب کیا تھا، ان کے حق میں 117 جبکہ مخالفت میں 174 ووٹ آئے۔ انہوں نے اتحادی جماعت کے سہارے حکومت تو قائم کر لی تاہم تنازع وہاں کھڑا ہوا جب اتحادی گرین پارٹی نے بجٹ بل پاس نہ ہونے پر حکومت سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔

میگڈیلینا نے صورتحال کو بدلتے دیکھ کر وزارت عظمی پر فائز رہنا مناسب نہ سمجھا اور عہدے سے استعفی دے دیا۔ ان کاکہنا تھا کہ آئینی طریقہ کار کے تحت جب اتحادی پارٹی نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کیا تو مجھے بھی عہدے سے علیحدگی اختیار کرنی پڑی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسی حکومت کی قیادت نہیں کرنا چاہتی جس کی قانونی حیثیت متنازع ہو۔ انہوں نے دوبارہ وزیراعظم منتخب ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں