'کچھ عرصہ بعد نوجوانوں کو ڈی چوک بلائینگے'،جماعت اسلامی کا دھرنا ختم

اسلام آباد:(دنیا نیوز)مہنگائی کے خلاف یوتھ مارچ میں خطاب کے دوران امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ بعد نوجوانوں کو ڈی چوک بلائینگے اور اگلی بار نوجوان گھر والوں کو ساتھ لیکر ڈی چوک آئیں۔

ڈی چوک میں یوتھ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ آج حکومت کو بھرپور وارننگ دے دی ہے ،حکومت نے کرتوت ٹھیک نہ کئے تو قوم کا ہاتھ اور حکمرانوں کا گریبان ہو گا۔

قبل ازیں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کی سربراہی میں مہنگائی کے خلاف مارچ اسلام آباد پہنچا،کارکنوں نے ڈی چوک میں لگی خاردارتاریں اور رکاوٹیں ہٹا دیں اور دھرنا دے دیا تھا۔

ڈی چوک پرپولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی جبکہ مظاہرین نے پارلیمنٹ ہاؤس جانے کی کوشش کی تھی۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ڈی چوک پر خطاب میں کہا تھا کہ ہم انہیں وارننگ دینےآئےہیں، انہیں بتانے آئیں ہے کہ ملک چلانا آپ کےبس کی بات نہیں، ہم دھاندلی نہیں شفاف الیکشن اور ملک میں حقیقی جمہوری نظام چاہتےہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے جادوئی مشین لانے کا فیصلہ کیا ہے، ای وی ایم پر الیکشن کمیشن نے تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ یہ جادوئی مشین عوام پر مسلط کرنا چاہتےہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کو کرپشن فری بناسکتی ہے،جماعت اسلامی ووٹ سے ملک میں انقلاب لائےگی،نااہل حکمرانوں نے ملک کو مہنگائی،بیروزگاری کا تحفہ دیا،نوجوانوں نے ثابت کردیا کہ وہ ملک کی اصل قوت ہیں،آپ نے کشمیر کےساتھ غداری کی،اس وقت ایک نہیں دو پاکستان ہیں جبکہ حکمرانوں کی عیاشیوں کی وجہ سے عوام مشکل میں ہیں۔

قبل ازیں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا تھا کہ تبدیلی سرکار ملک کو 30سال پیچھے لے گئی ہے، پارلیمنٹ میں بیٹھے لوگ صرف اپنی ذات کا سوچتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اسلام آباد میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول مافیا نے تین سو پچاس ارب، ایل این جی مافیا نے سو ارب کمالئے اور عوام کا کوئی پرسان حال ہی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی ہونی چاہیئے،حکومت نے پہلے نوجوانوں سےہاتھ کیا اب اوورسیز پاکستانیوں کو دھوکا دینا چاہتےہیں،کرپشن فری پاکستان صرف جماعت اسلامی بناسکتی ہے،پناما ہو یا پنڈورا پیپرز انہی تین جماعتوں کے لوگوں کانام ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں