چٹاگانگ ٹیسٹ: چوتھے روز کا کھیل ختم، پاکستان کا پلڑا بھاری

کرکٹ

چٹاگانگ: (دنیا نیوز) چٹاگانگ ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے دوسری اننگز میں 202 ہدف کے تعاقب میں 109 رنز بنا لئے۔

شاہین اوپنرز عابد علی اور عبداللہ شفیق نے آج دوسری اننگز کا آغاز کیا، نپی تلی بیٹنگ کرتے ہوئے بنگالی باولرز کی ایک نہ چلنے دی اور نصف سنچریاں بنا ڈالیں۔ پاکستان کو جیت کیلئے 93 رنز درکار ہیں۔

قبل ازیں میزبان ٹیم نے آج اپنی دوسری اننگز کا سلسلہ 4 وکٹوں کے نقصان پر 39رنز سے جوڑا، مشفیق الرحیم کو حسن علی نے 19 ویں اوور کی تیسری بال پر پویلین کی راہ دکھا دی، یاسر علی 36 رنز پر ریٹائر ہرٹ ہو گئے جبکہ مہدی حسن 11 اور نورالحسن 15 رنز بنا سکے۔ لٹن داس نے 6 چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے تھے کہ شاہین آفریدی نے انہیں ایل بی ڈبلیو کر دیا، ابو جید کو بھی شاہین آفریدی نے صفر رنز پر پویلین کی راہ دکھائی، تاج الاسلام بھی صفر سکور پر ساجد خان کے ہاتھوں شکار ہوئے۔ یوں 157 کے مجموعے پر بنگلا دیش کی پوری ٹیم آوٹ ہو گئی۔ اب پاکستان کو اپنی دوسری اننگز میں202 رنز کا ٹارگٹ حاصل کرنا ہو گا۔

گذشتہ روز بنگالی ٹائیگرز کا دوسری اننگز میں ٹاپ آرڈر فلاپ ہو گیا تھا، شادمان اسلام 1، نجم الحسین شانتو اور مومن الحق صفر رنز پر آوٹ ہوئے، سیف حسن 18 رنز بنا سکے تھے۔ اس سے قبل پاکستان نے بنگلہ دیش کی پہلی اننگز میں 330 رنز کے جواب میں 286 رنز کے ساتھ اپنی پہلی اننگز کا اختتام کیا تھا جس سے میزبان ٹیم کو 44 رنز کی برتری مل گئی تھی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں