سٹاک مارکیٹ: زبردست تیزی، اربوں کا فائدہ، ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

تجارت

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں روپے کی بے قدری کا تسلسل برقرار ہے جبکہ امریکی ڈالر 176 روپے کی سطح بھی عبور کر گیا ہے جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کے باعث اربوں روپے کا فائدہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 74 پیسے مہنگا ہو گیا اور قیمت 175 روپے 46 پیسے سے بڑھ کر 176 روپے 20 پیسے کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

یاد رہے کہ 12 نومبر کو انٹربینک میں ڈالر 175 روپے 73 پیسے پر بند ہوا تھا۔

تاہم دوسری طرف انٹر بینک مارکیٹ میں کے برعکس اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت میں ایک روپیہ کی گراوٹ دیکھی گئی اور نئی قیمت 177 روپے 50 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

اُدھر سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے مانیٹری پالیسی کے اعلان کے بعد بدترین مندی کی طرف جانے والی پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاورباری ہفتے کے پہلے روز کے دوران زبردست تیزی کی واپسی ہوئی ہے۔ تیزی کے باعث 45 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی ہے۔

کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 1215.189 پوائنٹس کی زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 45330.05 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا جبکہ کاروبار میں 2.76 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 10 کروڑ 94 لاکھ 60 ہزار 494 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 100 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرض کی اگلی قسط کے لیے گزشتہ ہفتے سٹاف لیول معاہدہ ہونے، سعودی عرب سے قرض کی رقم ایک دو روز میں مل جانے اور خام تیل کی قیمتوں میں کمی بازار حصص کو اوپر لے جانے میں معاون ثابت ہوئی ہے اور امید کی جارہی ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں گرواٹ کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو اس سے ہمیں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم کرنے اور افراط زر کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی اور روپے کی قدر پر جاری دباؤ بھی کم ہوگا۔  سعودی عرب سے ڈالر ملنے کے بعد یہاں تیزی کی نئی لہر آسکتی ہے۔ بڑے عرصے بعد بورڈ پر اکثریتی کمپنیاں سبز دکھائی دی ہیں جو سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ جمعہ کو مارکیٹ 44 ہزار 114 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی تھی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں