ماہانہ 11.5 فیصد مہنگائی معاشی بربادی کا اعتراف جرم ہے: شہباز شریف

پاکستان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے قوم کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ماہانہ 11.5 فیصد مہنگائی معاشی بربادی کا اعتراف جرم ہے، مہنگائی اور بے روزگاری پر عوام خود کشیاں کر رہے ہیں اور حکمران انہیں نہ گھبرانے کی تلقین کر رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ مہنگائی کا سال کی بلند ترین سطح پر پہنچنا غریبوں کے لئے قیامت اور معیشت کی تباہی کی دلیل ہے، مہنگائی 13 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، عوام مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں، حکومتی بیانات سے یہ آگ نہیں بجھے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جاری کھاتوں کے خسارے مسلسل بڑھ رہے ہیں، جو 5.1 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے، یہ کفایت شعاری ہے ؟ رواں مالی سال کے جولائی تا اکتوبر جاری کھاتوں کا خسارہ بڑھ کر 5.1 ارب ڈالرز تک جاپہنچا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں