پاکستان نے گندم سمیت بھارتی سامان افغانستان بھجوانے کی اجازت دیدی

پاکستان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے انسانی ہمدردی کے طور پر گندم کی فراہمی سمیت بھارتی سامان افغانستان بھجوانے کی اجازت دیدی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے افغانستان کو ادویات اور گندم کی فراہمی کے معاملے پر پاکستان نے بھارتی سامان افغانستان بھجوانے کی اجازت دیدی ہے، بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کر کے فیصلہ سے آگاہ کر دیا گیا ہے جبکہ بھارت کی طرف سے گندم بذریعہ واہگہ طورخم بارڈر افغانستان جائے گی۔

یاد رہے کہ افغانستان میں انسانی بحران کے بعد طالبان حکومت نے عالمی اداروں سے اپنے منجمد اثاثوں کی بحالی کی درخواست کی تھی، اسی دوران اقوام متحدہ نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اگر بروقت افغانستان کی مدد نہ کی گئی تو وہاں پر حالات خراب ہوسکتے ہیں،لہٰذا تمام ممالک افغانستان کی مدد کریں۔

اقوام متحدہ کی طرف سے اپیل کے بعد پاکستان سمیت تمام ممالک نے امداد فوری طور پر افغانستان بھیجی جبکہ بھارت نے 50ہزار میٹرک ٹن گندم سمیت دیگر اشیاء دینے کی پیشکش کی تھی اور یہ اشیاء پاکستان کے راستے افغانستان جانا تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس کے دوران اس پیشکش کو منظور کرتے ہوئے انسانی ہمدردی کے تحت یہ گندم پاکستان کے راستے افغانستان تک پہنچانے کا عزم کیا تھا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں